ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جھانسی میڈیکل کالج کے نو زائیدہ بچوں کے وارڈ میں آگ لگنے سے دس بچوں کی موت

جھانسی میڈیکل کالج کے نو زائیدہ بچوں کے وارڈ میں آگ لگنے سے دس بچوں کی موت

Sat, 16 Nov 2024 11:45:42  SO Admin   S.O. News Service

جھانسی، 16/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) اتر پردیش کے جھانسی میں واقع مہارانی لکشمی بائی میڈیکل کالج کے شیرخوار وارڈ میں شدید آگ لگنے سے دس بچوں کی موت واقع ہوگئی، واردات جمعہ کی شب کو پیش آئی۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق  اس واقعے میں متعدد بچے شدید زخمی  بھی ہوئے ہیں  جنہیں قریبی سپر اسپیشلٹی وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے۔ آگ لگنے کے باعث وارڈ میں بھگدڑ مچ گئی، لیکن فائر بریگیڈ کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق، آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق اُتر پردیش کے وزیر اعلیٰ  یوگی آدتیہ ناتھ نے میڈیکل کالج میں پیش آنے والے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر موقع پر پہنچ کر راحتی کاموں میں تیزی لائیں ۔ ساتھ ہی زخمیوں کے فوری علاج کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ یوگی نے ایکس  پر لکھا، "جھانسی ضلع کے میڈیکل کالج کے این آئی سی یو میں پیش آنے والے حادثے میں بچوں کی موت انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہے۔ ضلع انتظامیہ اور متعلقہ حکام کو  جنگی بنیاد پر راحت اور بچاؤ کام کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ میں بھگوان شری رام سے دعا کرتا ہوں کہ وہ مرنے والوں کی روحوں کو نجات عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔‘‘

وزیر اعلی کی ہدایت پر نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک اور پرنسپل ہیلتھ سکریٹری جھانسی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ کمشنر اور ڈی آئی جی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حادثے کی تحقیقات کریں اور بارہ گھنٹے میں وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کریں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ایک درجن سے زائد گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔


Share: